59b3dadb9e03b

لیاقت علی خان کی موت اور پاکستان کی سیاست میں فوجی اثرات ایک ملت کی غمگین کہانی حصہ دوم

لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد مسلم لیگ نے ایک ایسا فیصلہ کیا جس کے نتائج خطرناک ثابت ہوئے. لیاقت علی خان کی جگہ ایک متحرک شخص کی ضرورت تھی جو پاکستان کا آئین بھی تشکیل دے اور ملکی معاملات بھی سنبھالے. اس لیے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین کو وزیرعظم کا عہدہ دے دیا گیا. گورنر جنرل کے پاس برطانیہ کے دئیے ہوئے کافی اختیارت تھے لیکن رسمی طور پر وہ انھیں استعمال نہیں کرتا تھا. اس لیے وزیرخزانہ ملک غلام محمد کو بے ضرر سمجھتے ہوئے گورنرجنرل بنا دیا گیا. فالج کے مریض ملک غلام محمد بیوروکریٹ تھے

قیام پاکستان کی جدوجہد سے ان کا دور کا بھی واسطہ نہیں تھا. اسی لئے وہ عوامی امنگوں کو سمجھنے سے سراسر قاصر تھے

اس پر مزید یہ کہ فالج کے باعث ان کی گفتگو کسی کی سمجھ نہیں آتی تھی. ان کی امریکی سیکرٹری ترجمے کے فرائض سرانجام دیتی تھی

اس وقت پاکستان کا آئین نہیں بنا تھا اور پاکستان کو1935 کے برطانوی ایکٹ کے تحت چلایا جا رہا تھا. اس ایکٹ میں گورنر جنرل کے پاس کافی اختیارات تھے. گورنر جنرل غلام محمد نے فادر آف دا نیشن بننے کے بجائے اس ایکٹ سے فائدہ اٹھایا. اور اپنے اختیارات کا کھل کر جائز اور ناجائز استعمال کیا. ان کے دور میں پاکستان میں دو بڑے اہم واقعات ہوئے. ایک یہ کہ مشرقی پاکستان میں بنگالی زبان کی حمایت کرنے والوں پرگولیاں برسائی گئیں. دوسرا یہ کہ احمدیوں کے خلاف چلنے والی تحریک کو کچلنے کے لیے لاہور میں مارشل لاء نافذ کیا گیا

اور یہ لاہور کی سطح تک نافذ ہونے والا مارشل لا پاکستان کا پہلا مارشل لا تھا. اس پر بس نہیں بلکہ غلام محمد نے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے وزیراعظم خواجہ ناظم الدین کو بھی برطرف کردیا۔. خواجہ ناظم الدین نے ملکہ برطانیہ سے اس فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی. لیکن بدقسمتی دیکھئیے کہ برطانیہ جو خود کو قدیم ترین جمہوریت کہتا ہے اس نے یہ جمہوری درخواست ماننے سے انکار کر دیا

ملک غلام محمد نے خواجہ ناظم الدین کی جگہ امریکہ میں پاکستانی سفیر محمد علی بوگرہ کو وزیراعظم بنا دیا. اگلے برس یعنی 1954 میں غلام محمد نے دستور ساز اسمبلی کو بھی برطرف کر دیا. حالانکہ اس وقت پاکستان کے پہلے آئین کا مسودہ تقریباً تیار ہو چکا تھا

کہا جاتا ہے کہ اسمبلی توڑنے کی ایک وجہ یہ تھی کہ نئے آئین میں گورنرجنرل کے اختیارات کافی کم کرنے کی تجاویز تھیں. یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس فیصلے میں انہیں آرمی چیف جنرل ایوب خان کی بھرپور حمایت حاصل تھی۔ستم بالائے ستم یہ کہ غلام محمد کے دور میں حاضر سروس آرمی چیف جنرل ایوب خان کو وزیردفاع بھی مقرر کردیا گیا. اور یوں اقتدار کے ایوانوں میں فوجی بوٹوں کی گونج سنائی دینے لگی