images (9)

ذولفقار علی بھٹو نے کیسے ٩٣ ہزار پاکستانی فوج کی قیدی انڈیا سے رہا کی, بھٹوحکومت کی عروج و زوال , ایک ملت کی غمگین کہانی حصہ چھ

سانحہ مشرقی پاکستان کے چند ماہ بعد تک ملک میں مارشل لاء نافذ رہا. بھٹو چیف مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر اور دستور ساز اسمبلی کے سربراہ تھے. پاکستان کے نوے ہزار فوجی اورمغربی پاکستان کا تیرہ ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ بھارت کے قبضے میں تھا. انھی معاملات کے حل کیلئے انیس سو بہتر میں بھٹو نے بھارت سے شملہ معاہدہ کیا. انہوں نے مذاکرات کے ذریعے بھارت سے تیرہ ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ واپس لے لیا. اب مسئلہ تھا نوے ہزار جنگی قیدیوں کی واپسی کا. بھٹو نے چین کے ذریعے اقوام متحدہ میں بنگلہ دیش کا راستہ روکا. انہوں نے بھارت سے مذاکرات کیے کہ اگرانڈیا پاکستانی قیدی رہا کر دے تو چین اقوام متحدہ میں بنگلہ دیش کا راستہ نہیں روکے گا. یہ دباؤ کام کر گیا اور پاکستان کے نوے ہزار قیدی رہا ہو کر وطن واپس آ گئے
اکہتر کی جنگ میں امریکہ نے چونکہ پاکستان کی کوئی مدد نہیں کی تھی اس لیے پاکستان نےامریکہ سے کیے گئے

سیٹو اور سینٹو کے معاہدے توڑ دئیے. لیکن پاکستان کو طاقتور عالمی اتحادی تو چاہیے تھے. اس کے لیے بھٹو نے اسلامی ممالک کا اتحاد بنانا شروع کیا. انیس سو چوہتر میں لاہور میں اسلامی سربراہی کانفرنس منعقد ہوئی. اسی برس پاکستان نے بنگلہ دیش کو تسلیم کر لیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کا ایک نیا آغاز ہو گیا. بھٹو کی سب سے بڑی کامیابی پاکستان کا متفقہ آئین تیار کرنا تھا. اس آئین میں وزیراعظم کے اختیارات بڑھا دیئے گئے اور بھٹو نئے پاکستان کے پہلے وزیراعظم بنے. بھٹو دور کا ایک اوراہم واقعہ یہ تھا کہ انہوں نے ایوب دور اور اس سے پہلے لگنے والی صنعتوں اور اداروں کو سرکاری تحویل میں لے لیا. جس کا عملی نتیجہ اچھا نہیں رہا اور صنعتیں تباہ ہونے لگیں. صنعتیں بہتر کرنے کے لیے بھٹو نے روس سے تعلقات بہتر بنائے اور مدد طلب کی. پاکستان اسٹیل ملز بھی بھٹو دور میں بنائی گئی جبکہ ایوب دور میں شروع ہونے والا تربیلا ڈیم بھی اس دور میں مکمل ہوا. آئین کی تیاری کے بعد بھٹو کا دوسرا سب سے بڑا کارنامہ ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنا تھا. ان کا نعرہ ۔۔۔گھاس کھائیں گے لیکن ایٹم بم ضروربنائیں گے۔۔۔ عوام میں بہت مقبول ہوا. تاہم اسلامی ممالک کا بلاک بنانے کی کوششوں اور ایٹمی پروگرام کی وجہ سے امریکہ بھٹو کےخلاف سرگرم ہو گیا. امریکی وزیرخارجہ ہنری کسنجر نے بھٹو کو نشان عبرت بنانے کی دھمکی دے ڈالی اپنے دور اقتدار کے آخری سال بھٹو سے ایک تاریخی غلطی ہوئی. عام انتخابات انیس سو اٹھہتر میں ہونا تھے لیکن بھٹو کو اس کے مشیروں نے بتایا کہ اگر وہ ایک سال پہلے انتخابات کروا دیں تو ان کی جیت یقینی ہے. اس طرح وہ مزید پانچ سال حکومت کر سکیں گے. بھٹو کے مقابلے میں اپوزیشن کا مشترکہ اتحاد پی این اے میدان میں آیا. بھٹو نے واضح طور پر میدان مار لیا اور ایک سو پچپن نشستیں جیت لیں. اپوزیشن کے ہاتھ صرف چھتیس سیٹیں آئیں. پیپلز پارٹی جیت تو گئی لیکن انتخابات پر دھاندلی کا الزام لگ گیا. پی این اے دھاندلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئی. یہ سیاسی تحریک دیکھتے ہی دیکھتے مذہبی رنگ میں رنگ گئی. اور وہ تحریک جو دھاندلی کے خلاف شروع ہوئی تھی تحریک نظام مصطفی میں تبدیل ہو گئی. اس تحریک کے نتیجے میں نظام مصطفیٰ تو نہ آیا لیکن ضیا الحق آ گیا. ’’مسٹر بھٹو کی حکومت ختم ہوچکی ہے، سارے ملک میں مارشل لا نافذ کر دیا گیا ہے‘‘. ’’قوی اور صوبائی اسمبلیاں توڑ دی گئی ہیں، صوبائی گورنر اور وزیر ہٹا دیے گئے ہیں‘‘
بھٹو ضیاالحق پر بہت اعتبار کرتے تھے. بالکل اسی طرح جیسے ایوب بھٹو پر اور سکندر مرزا ایوب خان پر اعتبار کرتے تھے. تاریخ کا ستم دیکھئے کہ ضیا نے بھٹو کو، بھٹو نے ایوب کو اور ایوب نے سکندر مرزا کو دھوکا دیا. سچ ہے طاقت کے کھیل میں اخلاقیات نام کا کوئی ہتھیار نہیں ہوتا. ضیاء نےمارشل لا نافذ کرتے ہوئے بھٹو کو گرفتار کر لیا. بھٹو کو رضا قصوری کے قتل کے ایک بہت کمزور مقدمے میں سزائے موت سنا دی گئی. رضا قصوری، مشرف کے قریبی ساتھی احمد رضا قصوری کے والد تھے. چار اپریل انیس سو اناسی کو بھٹو کو راولپنڈی ڈسٹرکٹ جیل میں پھانسی پر لٹکا دیا گیا. ظلم کی انتہا یہ تھی کہ پھانسی سے قبل آخری ملاقات میں بیٹی کو باپ کے گلے بھی نہیں لگنے دیا گیا. اور پھانسی کے بعد کسی رشتے دار کو آخری دیدار تک نہیں کرنے دیا گیا
لیکن آج حال یہ ہے کہ بھٹو کی عدالتی موت کو عدالتی قتل سمجھا جاتا ہے

5a35828c767b8

مشرقی پاکستان کو کس نے توڑا, ایک ملت کی غمگین کہانی حصہ پانچ

جنرل یحیٰ نے مارچ انیس سو انہتر میں صدر ایوب خان کو استعفیٰ دینے پر مجبور کیا اور چیف مارشل لا ایڈمنسٹریٹر بن گئے. اب جنرل یحییٰ ایک ہی وقت میں پاکستان کے صدر، چیف آف آرمی سٹاف اور چیف مارشل لا ایڈمنسٹریٹر تھے. وہ چونکہ ایوب کے زوال کے اسباب دیکھ چکے تھے. اس لیے انھوں نے فوراً سیاستدانوں سے کوئی لڑائی مول لینے کے بجائے ایوب دور میں سیاسی جماعتوں پر لگی پابندیوں کو ختم کیا. جنرل یحیٰ خان نے ایوب کا بنایا متنازعہ آئین بھی منسوخ کردیا. انھوں نے دسمبر انیس سو ستر میں صدارتی انتخابات کروائے. یہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے عام انتخابات تھے جس میں ایک آدمی ایک ووٹ کا اصول استعمال ہوا. انھیں پاکستان کی تاریخ کے سب سے شفاف انتخابات کہا جاتا ہے. لیکن ان شفاف انتخابات کا نتیجہ بہت خوفناک برآمد ہوا. انتخابات میں میں بنگال کے شیخ مجیب الرحمان نے مشرقی پاکستان میں کلین سویپ کیا اور ایک سو ساٹھ نشستیں جیت لیں. لیکن ان کی جماعت مغربی پاکستان میں ایک بھی سیٹ حاصل نہ کر سکی. ادھر ذوالفقار علی بھٹو نے مغربی پاکستان میں اکیاسی نشتیں جیتیں. لیکن مشرقی پاکستان میں وہ ایک بھی سیٹ نہ جیت سکے. پاکستان واضح طور پر دو حصوں میں بٹ چکا تھا. پورا مشرقی پاکستان شیخ مجیب کے ساتھ کھڑا تھا اور شیخ مجیب آئینی لحاظ سے پاکستان کے نئے حکمران تھے. جنرل یحییٰ کی ذمہ داری تھی کہ انھیں اقتدار منتقل کرتے. اس مقصد کیلئے جنرل یحییٰ نے1فروری1971 میں ڈھاکہ میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا. یہ ایک تاریخی موقع تھا کہ پاکسان کو مشرقی پاکستان سے منتخب قیادت مل رہی تھی. لیکن اس تاریخ موقع پر بھٹو نے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا. نہ صرف انہوں نے شرکت سے انکار کیا بلکہ اپنے نمائندوں کو دھمکی دی کہ جو قومی اسمبلی کے اجلاس میں جائے گا وہ اس کی ٹانگیں توڑ دیں گے. بھٹو کو شیخ مجیب کے چھ نکات پر اعتراض تھا. بھٹو سمجھتے تھے کہ شیخ مجیب کے چھ نکات پاکستان سے علیحدگی کے نکات ہیں. لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ شیخ مجیب پر اعتراضات کے باوجودبھٹو کو اجلاس میں ضرور شرکت کرنی چاہیے تھی. بھٹو نے جنرل یحییٰ پر اجلاس ملتوی کرنے کیلئے دباؤ ڈالا. یحییٰ نے یہ اجلاس ملتوی کروا دیا. اجلاس کا ملتوی ہونا تھا کہ مشرقی پاکستان میں آگ لگ گئی. بنگالی سمجھ گئے کہ مغربی پاکستان کی اشرافیہ ہمیں اقتدار منتقل نہیں کرنا چاہتی۔. مشرقی پاکستان میں سول نافرمانی کی تحریک چل پڑی. بھارت جو پہلے سے موقع کی تاڑ میں بیٹھا تھا اس نے باغی گروہ مکتی باہنی کے ذریعے مسلح بغاوت شروع کرا دی مکتی باہنی کے مسلح گروہوں نے پاک فوج اور مغربی پاکستان کے حامیوں پر حملے شروع کر دئیے. یہ پاکستان بچانے کا آخری موقع تھا. اگر اس وقت بھی ایک اجلاس بلا کر اقتدار انتخابات جیتنے والے کے سپرد کر دیا جاتا. تو شاید پاکستان کی تاریخ کچھ اور ہوتی

گو کہ اب یہ اتنا سادہ بھی نہیں رہا تھا. لیکن جنرل یحییٰ نےاقتدار منتقل کرنے کی بجائے یہ آخری موقع بھی گنوا دیا

اور بغاوت کچلنے کیلئے فوجی ایکشن شروع کردیا. یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ فوجی ایکشن کو بھٹو سمیت تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے سپورٹ کیا. پاک فوج نے مکتی باہنی کی بغاوت کو نو ماہ میں کچل دیا. لیکن اس فوجی ایکشن کے نتیجے میں نفرت کی ندی کا پانی سروں سے بہت اونچا ہو چکا تھا. دوسری طرف موقع کی تاڑ میں بیٹھے بھارت نے اپنی سازش کو ناکام ہوتے دیکھا تو انٹرنیشنل بارڈر کراس کرتے ہوئے مشرقی پاکستان پر حملہ کر دیا. پاک فوج چاروں طرف سے گھیرے میں آ گئی. جغرافیہ ہمارے خلاف تھا، پاک فوج مرکز سے ایک ہزار میل دور اور چاروں طرف سے دشمن پوری سپلائی لائن کے ساتھ گھیرا ڈال چکا تھا. جبکہ ادھر صورت حال یہ تھی کہ پاک فوج کی سپلائی لائن کٹ چکی تھی. اور مشرقی پاکستان کی سرزمین بیگانی ہو چکی تھی۔ شکست دیوار پر لکھی تھی. اس کے باوجود پاک فوج کے جوان بہادری سے لڑے.وطن کی خاطر ہزاروں جوان کٹ مرے لیکن یہ ایک ہاری ہوئی جنگ تھی. جسے طول تو دیا جا سکتا تھا جیتا نہیں جا سکتا تھا. اور ہوا بھی یہی. پاکستان کو اپنی تاریخ کی سب سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا. اور نوے ہزار پاکستانی فوجی بھارت کے قیدی بن گئے. ملک ٹوٹ چکا تھا اور پاکستان مشرقی اور مغربی کے بجائے صرف پاکستان رہ گیا تھا. گو کہ ملک توڑنے کا ذمہ دار کوئی ایک فرد نہیں ہو سکتااس کے پیچھے سیکڑوں عوامل ہوتے ہیں. لیکن اگر یہ دیکھنا ہو کہ آخری وقت میں وہ کون سا شخص تھا جو پاکستان کو بچا سکتا تھا لیکن اس نے نہیں بچایا تو اس کا نام ہے جنرل یحییٰ. جنرل یحییٰ اس لیے کہ ان کی بطور صدر اور کمانڈر ان چیف یہ ذمہ داری تھی کہ اقتدار سب سے زیادہ ووٹ لینے والےکو ایماندری سے منتقل کر دیتے. لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا. لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ پاکستان توڑنے کے تنہا ذمہ دار جنرل یحییٰ ہیں۔ کیونکہ. وقت کرتا ہے پرورش برسوں ۔۔۔ حادثہ ایک دم نہیں ہوتا۔

سانحہ مشرقی پاکستان کے ساتھ ہی جنرل یحییٰ کے اقتدار کا سورج بھی غروب ہو گیا. جنرل یحییٰ نے ذوالفقار علی بھٹو کو ایک کاغذ کی تحریر کے ذریعے اقتدار منتقل کر دیا. بھٹو چیف مارشل لا ایڈمنسٹریٹر اور دستور ساز اسمبلی کے سربراہ بن گئے

انھوں نے اقتدار سنبھالا اور جنرل یحیٰ کو نظر بند کر دیا. باقی زندگی میں جنرل یحیٰ زیادہ تر نظر بند ہی رہے. بھٹو کی پھانسی کے ایک سال بعد سقوط ڈھاکہ کا یہ اہم ترین کردار انتقال کر گیا. ادھر پاکستان سے الگ ہونے والے بنگلہ دیش میں ایک کے بعد ایک فوجی بغاوت جنم لیتی رہی. یہاں تک کہ علیحدگی کے صرف چار سال بعد ڈھاکہ میں شیخ مجیب کو نوجوان فوجی افسروں نے گھر میں گھس کر قتل کر دیا. یوں صرف دس سال کے اندر اندر سقوط ڈھاکہ کے تینوں اہم کردار بھٹو، شیخ مجیب اور جنرل یحییٰ موت کی وادی میں جا سوئے. پاکستان میں اس سانحے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک کمیشن بنایا گیا

اس کمیشن کے سربراہ بنگال سے تعلق رکھنے والے چیف جسٹس جسٹس حمودالرحمن تھے. اس کمیشن نےسقوط ڈھاکہ پر ایک تفصیلی رپورٹ تیار کی. اس رپورٹ میں ذمہ داروں کا تعین بھی کیا گیا. اور سقوط ڈھاکہ کے عوامل بھی لکھے گئے

یہ رپورٹ بھٹو کے دور میں مکمل ہو گئی تھی. لیکن چند مصلحتوں کے پیش نظر انہوں نے اسے شائع نہیں کیا. وہ دن اور آج کا دن یہ رپورٹ کبھی سامنے نہ آسکی. اس کے کچھ حصے بھارت میں تو شائع ہوئے لیکن پاکستان میں اسے کبھی پبلک نہیں کیا گیا

59b3dadb9e03b

لیاقت علی خان کی موت اور پاکستان کی سیاست میں فوجی اثرات ایک ملت کی غمگین کہانی حصہ دوم

لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد مسلم لیگ نے ایک ایسا فیصلہ کیا جس کے نتائج خطرناک ثابت ہوئے. لیاقت علی خان کی جگہ ایک متحرک شخص کی ضرورت تھی جو پاکستان کا آئین بھی تشکیل دے اور ملکی معاملات بھی سنبھالے. اس لیے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین کو وزیرعظم کا عہدہ دے دیا گیا. گورنر جنرل کے پاس برطانیہ کے دئیے ہوئے کافی اختیارت تھے لیکن رسمی طور پر وہ انھیں استعمال نہیں کرتا تھا. اس لیے وزیرخزانہ ملک غلام محمد کو بے ضرر سمجھتے ہوئے گورنرجنرل بنا دیا گیا. فالج کے مریض ملک غلام محمد بیوروکریٹ تھے

قیام پاکستان کی جدوجہد سے ان کا دور کا بھی واسطہ نہیں تھا. اسی لئے وہ عوامی امنگوں کو سمجھنے سے سراسر قاصر تھے

اس پر مزید یہ کہ فالج کے باعث ان کی گفتگو کسی کی سمجھ نہیں آتی تھی. ان کی امریکی سیکرٹری ترجمے کے فرائض سرانجام دیتی تھی

اس وقت پاکستان کا آئین نہیں بنا تھا اور پاکستان کو1935 کے برطانوی ایکٹ کے تحت چلایا جا رہا تھا. اس ایکٹ میں گورنر جنرل کے پاس کافی اختیارات تھے. گورنر جنرل غلام محمد نے فادر آف دا نیشن بننے کے بجائے اس ایکٹ سے فائدہ اٹھایا. اور اپنے اختیارات کا کھل کر جائز اور ناجائز استعمال کیا. ان کے دور میں پاکستان میں دو بڑے اہم واقعات ہوئے. ایک یہ کہ مشرقی پاکستان میں بنگالی زبان کی حمایت کرنے والوں پرگولیاں برسائی گئیں. دوسرا یہ کہ احمدیوں کے خلاف چلنے والی تحریک کو کچلنے کے لیے لاہور میں مارشل لاء نافذ کیا گیا

اور یہ لاہور کی سطح تک نافذ ہونے والا مارشل لا پاکستان کا پہلا مارشل لا تھا. اس پر بس نہیں بلکہ غلام محمد نے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے وزیراعظم خواجہ ناظم الدین کو بھی برطرف کردیا۔. خواجہ ناظم الدین نے ملکہ برطانیہ سے اس فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی. لیکن بدقسمتی دیکھئیے کہ برطانیہ جو خود کو قدیم ترین جمہوریت کہتا ہے اس نے یہ جمہوری درخواست ماننے سے انکار کر دیا

ملک غلام محمد نے خواجہ ناظم الدین کی جگہ امریکہ میں پاکستانی سفیر محمد علی بوگرہ کو وزیراعظم بنا دیا. اگلے برس یعنی 1954 میں غلام محمد نے دستور ساز اسمبلی کو بھی برطرف کر دیا. حالانکہ اس وقت پاکستان کے پہلے آئین کا مسودہ تقریباً تیار ہو چکا تھا

کہا جاتا ہے کہ اسمبلی توڑنے کی ایک وجہ یہ تھی کہ نئے آئین میں گورنرجنرل کے اختیارات کافی کم کرنے کی تجاویز تھیں. یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس فیصلے میں انہیں آرمی چیف جنرل ایوب خان کی بھرپور حمایت حاصل تھی۔ستم بالائے ستم یہ کہ غلام محمد کے دور میں حاضر سروس آرمی چیف جنرل ایوب خان کو وزیردفاع بھی مقرر کردیا گیا. اور یوں اقتدار کے ایوانوں میں فوجی بوٹوں کی گونج سنائی دینے لگی

download (49)

قائداعظم کی وفات سے لیاقت علی خان کی وفات تک کا سفر, ایک ملت کی غمگین کہانی حصہ اول

انيس سو اڑتاليس میں ایک طرف پاکستان بے سروسامانی کے عالم میں حالت جنگ میں تھا دوسری طرف بانی پاکستان شدید بیمار ہو گئے لیکن بیماری بھی انھیں گورنر جنرل کی حیثیت میں پاکستان کی خدمت کرنے سے نہیں روک سکی. قائداعظم کو انتہائی خطرناک حالت میں بلوچستان کے شہر زیارت سے کراچی لایا گیا آپ ائرپورٹ پر اترے تو بیماری سے نڈھال تھے لیکن انھیں اس حالت میں لے جانے کیلئے ایک کھٹارا سی ایمبولینس بغیر نرس کے بھیج دی گئی. ایمبولینس قائداعظم کو ان کی رہائش گاہ تک پہنچانے سے پہلے ہی راستے میں خراب ہو گئی. جب دوسری ایمبولینس منگوائی گئی تو اس دوران ایک گھنٹے کا وقت لگ گیا جس میں محترمہ فاطمہ جناح بیمار بانی پاکستان کو ہاتھ کاپنکھ

جھلتی رہیں. اس سوال کا جواب آج کسی کے پاس بھی نہیں کہ خراب ایمبولینس بھیجنا ایک سازش تھی یا ایسا ایک بے سروسامانی سے لڑتی ریاست میں کمیونیکشن کے گیپ کی وجہ سے ہوا. ایسا بھی کہا جاتا ہے کہ قائداعظم کی آمد کے بارے میں لیاقت علی خان آگاہ ہی نہیں تھے. یہ عذر بھی پیش کیا جاتا ہے کہ اس وقت پورے کراچی میں صرف دو ایمبولینسز تھیں

جن میں سے ایک کو قائداعظم کیلئے بھیج دیا گیا شاید یہ کمیونیکشن کی تاریخی غلطی ہو لیکن بہت سے لوگ آج بھی یہ مانتے ہیں کہ خراب ایمبولینس بھیجنا دراصل ایک سوچی سمجھی سازش تھی قائداعظم جب گھر پہنچے تو بیماری سے بری طرح نڈھال ہو چکے تھے۔ آخری وقت میں ان کی بہن محترمہ فاطمہ جناح اور ذاتی معالج کے سوا ان کے ساتھ کوئی دوسرا موجود نہیں تھا وہاں موجود لوگوں کے مطابق ان کے آخری الفاظ تھے

اللہ

پاکستان

انھوں نے یہ کہا اور جان جان آفرین کے سپرد کر دی قائداعظم کے جنازے میں چھے لاکھ لوگ شریک ہوئے. قائداعظم کی وصیت کے مطابق ہی ان کی نماز جنازہ علامہ شبیر احمد عثمانی نے پڑھائی. اور خواجہ ناظم الدین کو پاکستان کا دوسرا گورنر جنرل نامزد کردیا گیا.

لیاقت علی خان کو کس نے مارا؟

ادھر قائداعظم جہان فانی سے رخصت ہوئے ادھر حکومتی ایوانوں میں روایتی سازشیں جنم لینے لگیں اس سارے

گرداب کو اگر کوئی شخص قائداعظم کے بعد سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا تھا وہ پاکستان کے پہلے وزیراعظم خان لیاق علی خان تھے. بانی پاکستان کے بعد لیاقت علی خان مختار کُل ہو گئے اور پاکستان کی قسمت کے اہم ترین فیصلے کرنے لگے.اس وقت ایک طرف پاکستان کا آئین تشکیل پا رہا تھا اور دوسری طرف پاکستان کو اپنی تاریخ کا ایک اور اہم ترین فیصلہ کرنا تھا یہ فیصلہ تھا روس اور امریکہ کی سرد جنگ میں کسی ایک کا اتحادی بننا یا غیر جانب دار رہنا. پاکستان نے یہ تاریخی فیصلہ امریکہ کے حق میں کیا حالانکہ پاکستان کے پاس بھارت کی طرح غیرجانبدار رہنے کا آپشن بھی موجود تھا لیاقت علی خان کو سوویت یونین کے رہنما جوزف اسٹالین اور امریکی صدر ہیری ٹرومین دونوں کی طرف سے دعوت تھی لیکن انھوں نے ماسکو کے بجائے واشنگٹن جانے کو ترجیح دی. واشنگٹن میں حسب توقع ان کا پرتپاک استقبال ہوا اس دورے سے سوویت یونین یعنی اس دور کے روس اورپاکستان کے تعلقات بگڑ گئے. امریکا سے دوستی کی وجہ سے پاکستان عالمی سیاست اور سرد جنگ کی بھول بھلیوں میں الجھ کررہ گیا

جس کے نتیجے میں اس کی سالمیت اور خودمختاری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا. سب سے بڑا نقصان تو یہ تھا پاکستان آزادنہ خارجہ پالیسی کے راستے سے ہٹ گیا اور عالمی طاقتوں کے آلہ کار کے طور پر استعمال ہونے لگا

لیاقت علی خان کے دور اقتدار کا آخری سال کافی ہنگامہ خیز رہا۔ 1951 میں میجر جنرل اکبرخان نے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی. یہ کوشش ناکام رہی اوراس کے تمام کرداروں کوگرفتارکرلیا گیا. پاکستانی تاریخ میں حکومت کا تختہ الٹنے کی یہ پہلی غیر سیاسی کوشش تھی. 16 اکتوبر1951 کے دن لیاقت علی خان راولپنڈی میں مسلم لیگ کے جلسے سے خطاب کرنے سٹیج پر آئے. جلسے کے شرکاء میں کھڑے سید اکبر نے وزیراعظم پر گولی چلا دی. گولی سینے میں لگی اور پاکستان کا پہلا وزیراعظم ہزاروں لوگوں کے درمیان دن دیہاڑے قتل کر دیا گیا کہا جاتا ہے کہ لیاقت علی خان کے آخری الفاظ تھے

۔۔۔ اللہ پاکستان کی حفاظت کرے۔۔ اس قتل کی تفتیش کیلئے جو پہلا ثبوت میدان میں موجود تھا

یعنی گولی چلانے والا سید اکبر اسے موقعے پر ہی پولیس نے ہلاک کر دیا. اس قتل کی تفتیش انتہائی غیرسنجیدگی سے کی گئی

جس کا ایک ثبوت یہ ہے کہ جب لاہور ہائیکورٹ نے قتل کیس کی فائل پیش کرنے کا حکم دیا

تو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے حیرت انگیزجواب دیا. اس نے کہا ’’مائی لارڈ لیاقت علی خان قتل کیس کی فائل گُم ہو گئی ہے۔‘‘

اس قتل کی پوری تفتیش تو کبھی نہ ہو سکی لیکن اخباروں میں ایسی خبریں چھپتی رہیں کہ لیاقت علی خان کے قتل کے پیچھے امریکہ اور افغانستان کا ہاتھ ہے. سیاسی ماہرین کہتے ہیں کہ اگر پاکستان کے پہلے سیاسی قتل کی تفتیش درست انداز میں کر لی جاتی اور قانون کے مطابق سزائیں دی جاتیں تو پاکستان کی تاریخ مختلف ہوتی. لیاقت علی خان کا دنیا سے اٹھنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم کی کرسی ایک مذاق بن کر رہ گئی. جس پر کٹھ پتلیاں لائی جاتیں اور گرائی جاتیں. اس پر ستم ظریفی یہ کہ یہ کٹھ پتلیاں چلانے والا ایک معذور اور مفلوج شخص تھا جو بدقسمتی سے پاکستان کا مختار کل بنا دیا گیا تھا