پالک
یہ سبزی برصغیر میں عام طور پر استعمال کی جاتی ہے، بظاہر بہت معمولی غذا ہے لیکن قدرت نے اس میں فولاد کے اجزاء میں شامل کر کے اس کی قدرو قیمت بڑھادی ہے۔ مقوی، زود ہضم اور قبض کشا ہے جن لوگوں کو قبض کی شکایت اکثر رہتی ہو انہیں پالک کا باقاعدہ استعمال کرنا چاہیے ۔ پتھری ، یرقان ، مالیخولیا اور گرمی کے بخاروں میں بھی فائدہ بخش ہے۔ ماہرین تحقیق کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پالک میں فولاد اور کیلشیم (چونا) کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ فولاد خون بڑھاتا اور جگر کو تقویت دیتا ہے، چونا ہڈیوں کی ساخت کو مضبوط سخت اور پائدار بناتا ہے جن لوگوں کے جسم میں خون کی کمی ہو وہ اسے استعمال کریں کسی بھی خوراک یا دوائی سے جسم میں فولاد اتنا نہیں بڑھ سکتا جتنا پالک کھانے سے بڑھتا ہے۔
میتھی
گرم خشک اور قدرے قبض کشا سبزی ہے۔ سردی کے بخار کو دور کرتی اور بادی و بلغم کو مٹاتی ہے۔ بھوک لگاتی اور بالوں کو سیاہ کرتی ہے ۔ بدہضمی، جگر ، تلی اور حیض و پیشاب کی رکاوٹ میں مفید ہے میتھی کے بیج بادی کے جملہ امراض میں فائدہ مند ہیں حیض آور اور گوشت بڑھاتے ہیں۔
بتھوا ( باتھو کا ساگ )
ایک خودرو اور عام سبزی ہے لیکن فوائد کے اعتبار سے بے نظیر ہے معتدل، قبض کشا اور پیشاب آور ہے۔ پیشاب کی کوئی بیماری نہیں ہونے دیتا، معدے اور آنتوں کو طاقت بخشا ہے۔ گرمی کی وجہ سے بڑھے ہوئے جگر اور تلی کے لیے مفید ہے۔ پیاس کو تسکین دیتا ہے اور پتھری کے لیے سودمند ہے۔
سوئے کا ساگ
گرم خشک ہے، بادی کو خارج کرتا ہے، بد ہضمی، بادی بلغم تلی کے درد اور گردہ و مثانہ کی پتھری کو خارج کرتا ہے، گرم طبیعت والوں کے لیے مضر ہے۔
کرم کلہ کا ساگ
گرم خشک ہے، ہاضمے کو تیز کرتا ہے، مصفی خون، قبض کشا اور نیند کی کمی، پتھری ، پیشاب کی رکاوٹ وغیرہ میں مفید ہے۔ خشکی اور مرگی کے مریضوں کو اس کا استعمال نہیں کرنا چاہیے، اس کے کھانے کے بعد تھوڑا سا گڑ کھا لینا مفید ہے۔
خرفہ ( قلفا ) کا ساگ
سردتر ہے، گرمی اور جوش خون کو دور کرتا ہے۔ تلی، جگر اور معدے کی گرمی کو ختم کرتا ہے، پیشاب آور اور قبض کشا ہے، خونی بواسیر، پتھری، کھانسی اور سوزاک میں مفید ہے۔
مکو کا ساگ
سر دخشک ہوتا ہے۔ بادی کی جملہ بیماریوں، ہر قسم کے دردوں اور جلندھر میں مفید ہے۔ قبض کشا اور پیشاب آور ہے، بچکی اور قے کو روکتا ہے اور اندرونی اور بیرونی سوجن کو دور کرتا ہے۔ امراض جگر، درد گردہ اور ورم گردہ میں خصوصیت سےمفید ہے ۔
سرسوں کا ساگ
گرم خشک قبض کشا اور پیشاب آور ہے۔ اس کے استعمال سے پیٹ کے کیڑے ہلاک ہو جاتے ہیں اور بھوک بڑھاتا ہے۔ سرسوں کا ساگ کھانے والوں کی جلد ہمیشہ نرم و ملائم اور اس میں ایک خاص چمک اور تازگی رہتی ہے ۔ سرسوں کے ساگ میں پالک بیتھی اور بتھوا ملا کر پکانے سے اس کی افادیت اور بڑھجاتی ہے۔